صیہونی فوج کے ٹھکانوں اور فوجیوں پر فلسطینی گروہوں کے جوابی حملے
فلسطینی گروہوں نے مقبوضہ فلسطین کے شہر اسدود اور مرکزی علاقے پر راکٹوں اور میزائلوں کی بارش کی ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: القدس بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اسدود پر یہ حملہ غزہ پٹی کے تعلیمی، طبی اور رہائشی علاقوں پر غاصب اسرائیلی حکومت کی جارحیت کے جواب میں کیا گيا ہے۔
دوسری طرف فلسطینی مجاہدین نے بیت حانون کے شمال میں غاصب اسرائیل کے مرکزی علاقے پر بھی راکٹوں سے حملہ کیا اور اسرائیلی حکومت کی پیادہ فوج کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
فلسطین کے استقامتی محاذ کے جاں بازوں نے صیہونیوں کی جارحیت کے جواب میں غاصب صیہونی علاقوں پر بھی حملہ کیا ہے اس حملے کے دوران سینکڑوں راکٹ ان علاقوں پر فائر کئے گئے۔
ان حملوں کے بعد مذکورہ علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔
دریں اثنا، الجزیرہ چینل نے رپورٹ دی ہے غاصب اسرائیل کے مرکز میں واقع بیس علاقوں میں خطرے کے سائرن کی آوازیں سنائی دی ہیں۔ علاوہ ازیں، فلسطینی استقامتی مجاہدین کے ہاتھوں قیدی بنائے گئے صیہونیوں کے اہل خانہ نے مظاہرہ کرکے غاصب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صیہونی قیدیوں کو رہا کرائے۔
واضح رہے کہ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے گزشتہ رات بتایا کہ استقامتی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران غاصب اسرائیلی فوج کے ایک قافلے پر حملہ کرکے پوری طرح سے تباہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دشمن کے ٹھکانوں کی نشاندہی اور زیرپوائنٹ سے ان پر حملہ کرنے میں کامیابی ملی ہے۔
فلسطینی گروہوں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے صیہونی حکومت کے فوجیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے کہ جس کا اعلان غاصب حکومت کرتی ہے۔