Nov ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • حزب اللہ لبنان کو مل سکتا ہے دفاعی سسٹم، امریکہ اور اسرائیل پریشان

غزہ جنگ کے دوران یہ خبر کہ روس کی پرائیویٹ آرمی ویگنر حزب اللہ کو فضائی دفاعی نظام فراہم کر سکتی ہے، اسرائیل اور امریکہ کے لیے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: امریکی انٹیلی جنس حکام نے اس رپورٹ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اگر اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کو فضائی دفاعی نظام مل گیا تو وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو جائے گی اور علاقے میں آسمانوں پر اسرائیل کی اجارہ داری ختم ہو جائے گی۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کو تشویش ہے کہ ویگنر گروپ SA-22 فضائی دفاعی نظام حزب اللہ کے حوالے کرنے کے لیے بات چیت کر سکتا ہے۔

بعض حکام نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ روسی فضائی دفاعی نظام حزب اللہ کو پہلے ہی موصول ہو چکا ہے۔

SA-22، جسے پینٹسیر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک ٹرک پر نصب دفاعی بیٹری ہے جو جنگی طیارے، ہیلی کاپٹر، ڈرون، بیلسٹک میزائل اور کروز میزائلوں کو مار گرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

حزب اللہ اور ویگنر دونوں نے شام میں دمشق مخالف دہشت گرد گروہوں کے خلاف لڑائی میں حصہ لیا ہے۔

منگل کو ہی روس نے شام پر اسرائیل کے فضائی حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس کی جنگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے۔

ٹیگس