صیہونی دشمن کو القسام بریگیڈ کا انتباہ، یہ جنگ تاریخ میں امر ہوجائے گی
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان غیر مساوی جنگ تاریخ میں امر ہوجائے گی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس کے فوجی ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ ہماری قوم دشمن کی طرف سے منظم تباہی کے خطرے سے دوچار ہے اور یہ دشمن جنگل کے قانون کی حکمرانی والی دنیا میں سزا سے محفوظ ہے۔
غزہ میں صیہونی فوجیوں کے ساتھ زمینی لڑائی کے بارے میں ابو عبیدہ نے کہا کہ ہمارے مجاہدین نے گزشتہ اڑتالیس گھنٹے میں جنگی محاذوں پر چوبیس صیہونی فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو دن کے دوران، ہم نے جنگ میں الیاسین راکٹ لانچ کیے اور ان راکٹوں نے عمارتوں میں تعینات دشمن کی افواج کو نشانہ بنایا۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ ہم ایک غیر مساوی جنگ لڑ رہے ہیں، لیکن یہ جنگ دنیا میں پڑھائی جائے گی اور تاریخ میں امر ہوجائے گی۔