غزہ کے ساتھ ساتھ غرب اردن میں بھی صیہونی جارحیت جاری شہداء کی تعداد 165 ہوگئی
غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد ایک سو پینسٹھ اور زخمیوں کی تعداد دوہزارتین سوہوگئی ہے۔
سحر نیوز/ عالم السلام: فلسطین کے ہسپتال ذرائع نے کہا ہے کہ جمعرات کو غرب اردن میں دو اور فلسطینی شہری شہید ہوگئے اور اس طرح سے غرب اردن میں سات اکتوبر سےاب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک سو پینسٹھ ہوگئی ہے –
فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کے خصوصی دستے نے جمعرات کو صوبہ رام اللہ اور البیرہ کے الامعری کیمپ پر دھاوا بول دیا-
فلسطینی ذرائع کے مطابق غاصب اسرائیل کی اسپیشل فورس نے اس کیمپ میں فلسطینیوں کے گھروں پر بھی فائرنگ کی-اس رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے بیت لحم کے جنوب مشرقی علاقے تقوع پر بھی حملہ کیا اور فلسطین کی مزاحمتی فورسز نے بم کا دھماکہ کرکے ان کا مقابلہ کیا-
صیہونی فوجیوں نے اسی طرح جنوبی نابلس کے بعض علاقوں اور عقبہ جبر کیمپ اور اریحا میں عین السلطان پر حملہ کیا جس کے دوران مزاحمتی فورسز کے ساتھ ان کی لڑائی ہوگئی- فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے نابلس میں بلاطہ کیمپ پر بھی حملہ کیا اور چند فلسطیینیوں کو گرفتار کرلیا-
اسی طرح کل بدھ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے متعدد فوجی گاڑیوں کے ساتھ شمالی رام اللہ میں واقع بیرزیت یونیورسٹی پر حملہ کیا تھا- بدھ کی رات سے لےکرجمعرات کی صبح تک غرب اردن کے مختلف علاقوں میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا ، اور غرب اردن میں سات اکتوبر سے اب تک گرفتار ہونے والے فلسطینیوں کی تعدادتیئس ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔