یمن کی مسلح افواج کا صہیونی دشمن کے حساس اہداف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ
یمنی مسلح افواج نے اسرائیلی شہر ایلات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ ہم نے صہیونی دشمن کے مختلف حساس اہداف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے کہ جن میں مقبوضہ سرزمین کے جنوبی علاقے ایلات میں فوجی اہداف بھی شامل ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے شہر ایلات میں راکٹ حملوں کے بعد اس شہر میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔ یحیی سریع نے کہا کہ ان میزائلوں نے ایلات میں براہ راست مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے لیکن صہیونی دشمن اس خبر کو چھپا رہا ہے کہ ہمارے میزائلوں نے اس شہر کو نشانہ بنایا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے تاکید کی کہ یمنی فورسز مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں اپنی فوجی کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھیں گی جب تک غزہ کے عوام کے خلاف صیہونی دشمن کے جرائم بند نہیں ہوجاتے۔
بدھ کے روز بھی یمن کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے اپنی آبی حدود میں ایک امریکی جاسوس ڈرون ایم کیو نائن کو مار گرایا تھا - یمنی مسلح افواج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امریکی ڈرون طیارہ صیہونی حکومت کی حمایت کی غرض سے یمن کی فضائی حدود میں جاسوسی اور مخاصمانہ سرگرمیوں کی غرض سے داخل ہوا تھا۔
بیان کے مطابق یمن کی مسلح افواج، ملک کے دفاع کے جائز حق کے تحت کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔
ادھر یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات ہمیں فلسطینی قوم کی حمایت میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف عسکری اقدامات سے نہیں روک سکتے۔