فلسطین کی وزارت صحت: غزہ میں طبی عملے سے وابستہ 202 افراد شہید
فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ پٹی پر غاصب صیہونی فوج کے حملوں کے آغاز سے اب تک طبی شعبے سے وابستہ دو سو دو افراد شہید ہوچکے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں چھتیس سول ڈیفنس اہلکار شہید ہوئے ہیں اور طبی شعبے سے وابستہ دو سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطین کی وزارت صحت کے بیان میں آیا ہے کہ غزہ کے پینتیس اسپتالوں اور ڈسپینسریوں میں سے اب صرف پچیس ہی فعال ہیں اور باقی بمباری اور ایندھن کی قلت کی وجہ سے بند ہوگئے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق تین ہزار اور چھ سو غیر فوجی افراد غاصب صیہونی حکومت کی بمباری سے پیدا شدہ ملبے کے نیچے اب بھی دبے ہوئے ہیں اور ان افراد میں ایک ہزار سات سو پچاس بچے شامل ہیں۔
ادھر صیہونی حکومت نے غزہ پٹی کے وسطی علاقے حی الصبرہ پر تازہ حملہ کیا ہے جس میں پچاس فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔