Nov ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۳ Asia/Tehran
  • محمدعبدالسلام: اسرائیلی بحری جہاز کو قبضہ میں لینا، جنگ میں ہماری شمولیت کا اعلان ہے

یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ اسرائيلی بحری جہاز کو قبضے میں لینا صیہونی حکومت کے خلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمدعبدالسلام نےکہا ہے کہ ہم نے آپریشن کرتے ہوئے اسرائيلی بحری جہاز کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری مسلح افواج غزہ کی استقامت کی حمایت اور صیہونی حکومت کے خلاف جنگ میں سنجیدہ ہیں۔ عبدالسلام نے صراحت کے ساتھ کہا کہ جھڑپوں کا دائرہ نہ پھیلنے کا انحصار غزہ پٹی کے خلاف غاصب اسرائیل کی جارحیت بند ہونے پر ہے۔
یمن کی تحریک انصار اللہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا کے ہر آزاد انسان پر واجب ہے کہ وہ غزہ کے خلاف اسرائيلی جارحیت رکوانے کے لئے اقدام کرے کیونکہ ایسی دنیا میں مذمتی بیانات کا کوئی فائدہ نہیں ہے جو صرف طاقت کی زبان سمجھتی ہے۔
واضح رہے کہ یمن کی بحریہ نے بحیرۂ احمر میں ایک اسرائیلی بحری جہاز کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس پر باون افراد سوار تھے جن کو قید کر لیا گيا ہے۔ المیادین نے رپورٹ دی ہے کہ اس بحری جہاز کے عملے اور اس پر سوار تمام افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ ان کی شہریت معلوم کی جاسکے۔

ٹیگس