Nov ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۵ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی حکومت سلامتی کونسل کی خاموشی سے فائدہ اٹھا رہی ہے: اردن

اردن کے وزیر خارجہ نے فلسطین کے بارے میں منعقدہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت ، سلامتی کونسل کی خاموشی کو اپنے جرائم کی پردہ پوشی سمجھتی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اردن کےوزیر خارجہ ایمن الصفدی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئےکہ بعض ممالک، جارح اسرائیل کے جرائم کو اپنے دفاع کا جواز قرار دے رہے ہيں کہا کہ جو ملک اپنے عوام کی سلامتی اور امن کا خواہاں ہوتا ہے وہ کسی دوسری قوم کی سرزمین پر قبضہ اور ان کے بچوں کو قیدی نہيں بناتا۔

اردن اور بعض عرب ممالک نے، فلسطینیوں اوراسرائیلیوں کے سلامتی سے بہرہ مند ہونے کی غرض سے، جامع امن کے قیام کے لئے ایک مکمل منصوبہ پیش کیا ہے-

اردن کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک جامع امن کو عملی جامہ پہنانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ فلسطین کو سرکاری طور پر ایک ریاست تسلیم کرنے کے لئے کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو سلامتی کونسل میں پابند بنانے والی ایک قرارداد منظور کی جائے۔

ایمن الصفدی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ تیس برسوں میں امن کے حصول کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے کہا کہ غاصبانہ قبضے کے ساتھ امن و صلح کی بات ایک دوسرے کے منافی ہیں جبکہ ہم ایک ایک جامع اور منصفانہ امن کے خواہاں ہیں ۔

اردن کے وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی حقیقی ہونی چاہئے جو غزہ اور غرب اردن میں خونریزی کے خاتمے پر منتج ہو ۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کا قیام علاقے کی تمام اقوام کا مسلمہ حق ہے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کی ذمہ داری عالمی برادری پر عائد ہوتی ہے۔

ٹیگس