آبنائے باب المندب میں صیہونی حکومت کے بحری جہاز پر حملہ
خبری ذرائع نے آبنائے باب المندب میں صیہونی حکومت کے بحری جہاز پر حملے کی خبر دی ہے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق یمن کے سواحل کے نزدیک آبنائے باب المندب میں صیہونی حکومت کے ایک جہاز پر حملہ ہوا ہے - برطانوی بحریہ کے سیکورٹی ادارے نے بھی بحیرۂ احمر میں آبنائے باب المندب کے نزدیک ایک حملے کی خبر دی ہے اور کہا ہےکہ اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔سرکاری ذرائع نے ابھی تک اس بارے میں کوئی رپورٹ شائع نہیں کی ہے۔
اس سے قبل یمن کی مسلح افواج نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ اگر خوراک اور طبی امداد غزہ تک نہیں پہنچتی ہے تو ہم صہیونی بحری جہازوں یا مقبوضہ فلسطین کی طرف جانے والے جہازوں کو گذرنے نہیں دیں گے-یمن کی مسلح افواج نے کہا کہ اس بیان کے منظرعام پر آنے کے بعد سے تمام بحری جہازوں کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی طرف جانے سے روکنے کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے گا۔اس سے قبل یمنی مسلح افواج نے فلسطینی مزاحمت کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں صیہونیوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے، بحیرہ احمر کے جنوب میں ایک صہیونی بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا تھا۔