صیہونی آبادکاروں نے مسجد الاقصیٰ پر ایک بار پھر حملہ کردیا
انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے غاصب اسرائیلی فوجیوں کی مدد سے مسجد الاقصیٰ پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: قدس نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے آج بدھ کو غاصب اسرائیلی فوجیوں کی مدد و حمایت سے مسجد الاقصیٰ پر حملہ کیا .
صیہونیوں نے مسجد الاقصیٰ پر ایسے حالات میں حملہ کیا ہے کہ جب یہ مسجد غاصب اسرائیلی حکومت کی فوج کی سخت سیکورٹی میں ہے اور ہزاروں فلسطینیوں کو اس مسجد میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مسجد الاقصیٰ پر صیہونی حملے کے ساتھ ہی غاصب فوجیوں نے شہر کے مختلف علاقوں اور مغربی کنارے کے جنین کیمپ پر حملہ کیا اور فلسطینیوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کیا اور ان کو اپنے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ غاصب فوجیوں نے فلسطینیوں کی مار پیٹ کی اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق رام اللہ کے شمال مغرب میں عارورہ گاؤں میں صہیونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک فلسطینی نوجوان زخمی بھی ہوا ہے۔ غاصب فوجیوں نے الخلیل یونیورسٹی کی ایک طالبہ عرین القواسمی کے گھر پر بھی حملہ کر کے اسے گرفتار کر لیا۔