Dec ۲۲, ۲۰۲۳ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  •  امریکی اتحاد سے ہم ڈرتے نہیں، یمنیوں کا اعلان

یمن کے مختلف علاقوں میں عوام نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کئے اور اعلان کیا کہ انہيں امریکی اتحاد سے بالکل ڈر نہيں لگتا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمنی ذرائع کے مطابق جمعہ کی نماز کے بعد پورے یمن میں ہونے والے ان مظاہروں میں لوگ نعرے لگا رہے تھے کہ " اسرائيل کے جہازوں کی حفاظت کرنے والا اتحاد سے ہمیں ڈر نہيں لگتا" اس کے ساتھ ہی انہوں نے صیہونی جرائم کے خاتمے تک فلسطینی قوم کی حمایت جاری رکھنے پر زور دیا۔

مظاہرے صنعا، تعز اور مارب میں عوام کی وسیع شرکت سے منعقد ہوئے۔

اسی طرح شام کے دار الحکومت دمشق کے جنوب میں واقع فلسطینی پناہ گزیں کیمپ " سبینہ" میں بھی غزہ کے عوام سے اظہارے یکجہتی کے لئے مظاہرے ہوئے۔

اردن میں بھی ہزاروں لوگوں نے نماز جمعہ کے بعد دار الحکومت میں مظاہرہ کیا اور مسجد عباد الرحمن سے امریکی سفارت خانہ تک مارچ کیا۔

مظاہرین صیہونی حکومت کے جرائم اور امریکہ کی جانب سے اس کی حمایت کی مذمت کر رہے تھے اور انہوں نے غزہ میں صیہونی جرائم کے سد باب کے لئے عالمی برادری کی جانب سے فوری اقدام کا مطالبہ بھی کیا۔

لبنان کے دار الحکومت میں بھی لوگوں نے خالد بن ولید مسجد کے سامنے دھرنا دیا اور بیروت کے ساقیہ الجنزیر علاقے میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا۔

واضح رہے 7 اکتوبر سے غزہ کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت میں اب تک 19 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہيں جن میں سے بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے ۔

45 دنوں تک جنگ جاری رہنے کے بعد 24 نومبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ہوئي جس کے دوران قیدیوں کا تبادلہ ہوا۔

7 دنوں تک جاری رہنے کے بعد عبوری جنگ بندی ہو گئي اور پہلی دسمبر سے صیہونی حکومت نے غزہ پر پھر سے حملے شروع کر دیئے۔

ٹیگس