غزہ کے مختلف علاقوں پر جارح صیہونی فوج کا حملہ
غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے غزہ کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے منگل کو علی الصباح ایک بار پھر وحشیانہ بمباری کی۔
سحرنیوز/ دنیا:غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ اور خان یونس کے مختلف علاقوں منجملہ کراج رفح، جیزان النجار، البلد اور اربعا بازار کو جارحیت کا نشانہ بنایا۔ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ میں البریج کیمپ میں عام شہریوں کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا جبکہ صیہونی جنگی کشتیوں نےالنصیرات کے مغرب میں واقع علاقوں اور البریج کیمپ کے مشرق میں واقع علاقوں پر بھی حملہ کیا۔
خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس کے قریب علاقے پر بھی شدید حملہ کیا گیا۔
دوسری جانب صیہونی ذرائع نے فلسطینی مجاہدین کی جوابی کارروائیوں سے خائف ہو کر مقبوضہ فلسطین میں صیہونی آبادی کے مختلف علاقوں منجملہ کریات شمونہ کے راستے بند کر دیئے جانے کی خبر دی ہے۔