یمنی فوج کی کاری ضرب، غاصب صیہونی فوجیوں نے پسپائی اختیار کرلی
ایک مصری ذریعے نے رپورٹ دی ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے حملوں کی بنا پر غاصب صیہونی حکومت ایلات بندرگاہ کو خالی کرنے پر مجبور ہو گئی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ پر صیہونی جارحیت شروع ہونے کے بعد یمن کی مسلح افواج نے فلسطینیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کئی بار غزہ پر صیہونی جارحیت کے جواب میں ایلات کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔
یمن کی مسلح افواج نے مقبوضہ فلسطین جانے والے بحری جہازوں پر بارہا حملہ کیا اور اعلان کیا کہ یہ حملے فلسطینیوں کی حمایت میں کئے جا رہے ہیں اور تاکید کی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے لئے کسی بھی قسم کی امداد کے حامل بحری جہازوں کو بحیرہ احمر اور باب المندب سے گذرنے نہیں دیا جائے گا۔
غاصب صیہونی حکومت نے یمن کی مسلح افواج کے حملوں سے خائف ہو کر ایسی حالت میں ایلات بندرگاہ کو خالی کر دیا ہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے امریکہ کو کسی بھی طرح کے اقدام پر خبردار کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ یمن کی مسلح افواج اپنے قومی و دفاعی فریضے پر عمل کرتے ہوئے ہر قسم کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کے لئے مکمل آمادہ ہیں اور کسی بھی طرح کا دفاعی اقدام کرنے سے وہ گریز نہیں کریں گی۔ ترجمان نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور فلسطینیوں کی حمایت میں یمن کا موقف مکمل واضح ہے اور ہم اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔