Jan ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • حماس کے نائب سربراہ کی شہادت پردنیا کے مختلف ملکوں کے استقامتی محاذ کا شدید ردعمل

فلسطین کی تحریک حماس کے نائب سربراہ اوربیروت میں القسام بریگيڈ کے دو کمانڈروں کی شہادت پرمختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آرہا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی حکومت نے بیروت کے علاقے ضاحیہ میں تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ صالح العاروری کے قتل کی مذمت کی اور تاکید کےساتھ کہا کہ العاروری کا قتل صیہونی حکومت اور اس کے جرائم کے انحطاط اورناکامی کا عکاس ہے۔

تحریک انصاراللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ صالح العاروری کا قتل تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اورصیہونی حکومت کی وحشیانہ خو کو ظاہرکرتا ہے اور اگرامریکہ کی حمایت نہ ہوتی تو صیہونی حکومت کبھی بھی اس طرح کے جرائم کے ارتکاب کی جرائت نہ کرتی –

فلسطینی استقامتی گروہوں نے بھی ایک بیان میں تاکید کی ہے کہ اسلامی استقامتی تحریک حماس کے نائب سربراہ اور ان کے ساتھیوں کی ٹارگٹ کلنگ استقامت کو کمزورنہيں کرسکے گی بلکہ اس سے پورے غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کی ناکامی ثابت ہوتی ہے۔

مختلف عراقی گروہوں نے بھی بیروت میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں حماس کے سینئر رہنما صالح العاروری کی قتل پرردعمل ظاہر کیا ہے۔ کتائب حزب اللہ عراق نے اپنے بیان میں اعلان کیا کہ صیہونی دشمن نے مجاہدین کا مقابلہ کرنے میں ناتوانی کے بعد مجرمانہ کارروائی کرتے ہوئے تحریک حماس کے نائب سربراہ کو قتل کیا ہے۔

کتائب حزب اللہ عراق کے بیان میں آیا ہے کہ غزہ پٹی پرصیہونی حکومت کے حملے جاری رہنے اور استقامت کے کمانڈروں کے قتل سے علاقے میں صیہونی حکومت کے مذموم عزائم اور امریکہ کی جانب سے اس کی حمایت کی عکاسی ہوتی ہے ۔

حزب اللہ عراق بریگيڈ نے بھی العاروری کے قتل پرردعمل ظاہرکرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں فلسطینی استقامت کے مقابلے میں ناکامی و لاچاری کے بعد امریکہ کی حمایت سے صالح العاروری کو شہید کیا ہے۔

عراق کی نجباء تحریک نے بھی حماس کے نائب سربراہ کی ٹارگٹ کلنگ پر اپنا ردعمل ظاہرکرتے ہوئے فلسطینی استقامت کے مجاہدین کی حمایت جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔عراق کی مجلس اعلاء اسلامی کے سربراہ شیخ ہمام الحمودی نے بھی شہید العاروری کے قتل پرردعمل میں اس صیہونی اقدام کی مذمت کی اور اعلان کیا کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں شیخ العاروری کے قتل کا مذموم اقدام اس لئے انجام پایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت فلسطینیوں کے مقابلے میں اپنے اعلانیہ اہداف تک نہیں پہنچ سکی۔

اردن کے عوام نے بھی اس ملک کے دارالحکومت امان میں مظاہرہ کرکے حماس کے نائب سربراہ العاروری کے قتل کی مذمت کی ۔ مظاہرین نے فلسطینی عوام کی حمایت اور صیہونی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے اسرائيل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اسی جیسے مظاہرے لبنان میں فلسطینی پناہ گزيں کیمپ میں بھی ہوئے جس میں مظاہرین نے شہید العاروری کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔

غرب اردن اور رام اللہ میں بھی عوام نے صیہونی حکومت اورشہید العاروری کے قتل کے خلاف مظاہرے کئے ۔

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری ، عزالدین قسام بریگيڈ کے کمانڈر سمیر فندی اور عزام الاقرع نیز حماس کے رکن محمود زکی شاہین ، محمد الریس ، محمد بشاشہ اور احمد حمود منگل کی شب لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے میں شہید ہوگئے ۔

ٹیگس