امریکہ اور برطانیہ سے براہ راست جنگ میں ہیں: یمنی عہدیدار
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کا کہنا ہے کہ یمن، امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ کھلی جنگ میں ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے رکن علی القحوم نے کہا کہ ان کا ملک، امریکہ اور برطانیہ کی جارحیت کے بعد ان دونوں ممالک کے ساتھ کھلی جنگ میں ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے رکن علی القحوم نے المیادین چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خودمختاری اور آزادی ایک ڈیڈ لائن ہے اور ہم کسی جارحیت کو برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ یمن، امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ کھلی جنگ میں ہے کیونکہ انہوں نے جمہوریہ یمن، اس کی خودمختاری اور ہر طرح کے لوگوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ علی القحوم کا کہنا تھا کہ یمن کے خلاف جارحیت کوئی معمولی بات نہیں ہے۔
امریکہ اور برطانیہ نے 11 جنوری کی صبح سے یمن کے مختلف علاقوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے بعد فضائی حملے شروع کئے ہیں جن کا مقصد اس ملک پر دباؤ ڈالنا اور صیہونی حکومت پر مسلط کردہ بحری ناکہ بندی کو روکنا ہے۔
تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے رکن نے اس بات پر زور دیا کہ صنعا، فلسطین کی مدد سے باز نہیں آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام عرب اور اسلامی ممالک کے خلاف وسیع پیمانے پر سازش ہو رہی ہے اور یمن اس سازش کی وسعت کا گہرا علم اور سمجھ رکھتا ہے۔