Mar ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • 10 مئی کے بعد کوئی ہندوستانی فوجی مالدیپ میں نظر نہ آئے: مالدیپ کے صدر کا بیان

مالدیپ کے صدر محمد معزو نے ایک اجتماع میں کہا ہے کہ 10 مئی کے بعد کوئی ہندوستانی فوجی مالدیپ میں نظر نہ آئے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: مالدیپ کے مقامی نیوز پورٹل ایڈیشن ڈاٹ ایم وی  Edition.mv  کی ایک رپورٹ کے مطابق، مالدیپ کے صدر محمد معزو نے ایٹولا میں اپنے دورے کے دوران ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ حالات کو خراب کرنے کے لیے جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کی حکومت ملک سے ہندوستانی فوجیوں کو باہر نکالنے میں کامیاب رہی ہے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مالدیپ کے صدر کا کہنا تھا کہ 10 مئی کے بعد کوئی بھی ہندوستانی فوجی، حتیٰ سویلین لباس میں بھی ان کے ملک کے اندر موجود نہیں ہوگا۔

ان کا یہ بیان ایک ہفتہ سے بھی کم وقت کے بعد آیا ہے جب ایک ہندوستانی سویلین ٹیم مالدیپ پہنچی تھی تاکہ ہندوستانی فوجیوں کے انخلا کے لئے دونوں ممالک کی طرف سے 10 مارچ کی ڈیڈ لائن سے پہلے مالدیپ میں تین ایوی ایشن پلیٹ فارموں میں سے ایک کا چارج سنبھال سکے۔

محمد معزو نے کہا کہ "یہ لوگ (ہندوستانی فوجی) روانہ نہیں ہو رہے ہیں، بلکہ اپنی یونیفارم کو سویلین لباس میں بدل کر واپس آ رہے ہیں۔ 10 مئی کو ملک میں کوئی ہندوستانی فوجی نہیں آئے گا، نہ وردی میں اور نہ ہی سویلین لباس میں۔ ہندوستانی فوج کسی بھی لباس میں اس ملک میں نہیں رہے گی۔ میں یہ اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں۔ کرتا ہوں۔"

 

ٹیگس