Mar ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۷ Asia/Tehran
  • غزہ میں روزانہ کتنی خواتین شہید ہو رہی ہیں؟

غزہ پر ایک سو چوّن دن سے جاری وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد اکتیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے قائم اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی انروا نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں روزانہ کم سے کم ترسٹھ خواتین شہید ہو رہی ہیں ۔

فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ غاصب صیہونی دشمن نے نوہزار فلسطینی خواتین کو غزہ جنگ میں شہید کیا ہے جن میں اکثر مائيں ، حاملہ خواتین اور طبی عملے سے تعلق رکھتی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ غزہ میں ساٹھ ہزار خواتین کو ناقص خوراک، کم پانی اور طبی خدمات سے محرومی کا سامنا ہے۔

اشرف القدرہ نے اقوام متحدہ سے غزہ کے خلاف جنگ روکنے اور فلسطینی خواتین اور ان کی فیملیوں کے لئے فورا کوئی اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی حکومت نے غزہ پٹی میں قتل عام کی آٹھ کارروائیاں انجام دیں جن کے نتیجے میں 78 افراد شہید اور 104 زخمی ہوئے۔

فلسطینی وزارت صحت نے اپنے تازہ ترین اعداد و شمار میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم کے نتیجے میں سات اکتوبر سے اب تک 30878 فلسطینی شہید اور 72 ہزار چار سو دو زخمی ہوچکے ہيں ۔

فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ پر جارحیت کا نشانہ بننے والے اکثر بچے اور عورتیں ہيں ۔

ٹیگس