Mar ۱۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  •  یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کی طرف سے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے ایک بیان میں عرب و اسلامی ملکوں سے امریکی و اسرائيلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر اور بحیرہ عرب میں امریکی، برطانوی اور صیہونی بحری جہازوں کو چھوڑ کر باقی تمام بحری جہاز آزاد ہیں اور انھیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکی شراکت و حمایت نہ ہوتی تو غزہ کے خلاف اس طرح سے جارحیت کا سلسلہ جاری نہیں رہتا اور یہ امریکہ ہی ہے جس نے جنگ غزہ روکے جانے کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ویٹو کیا۔
مہدی المشاط نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان کے موقع پر بھی فلسطینیوں کو وحشیانہ ترین صیہونی و امریکی جرائم اور قحط و بھوک مری کا سامنا ہے اور غاصب صیہونی، فلسطینی عام شہریوں کے خلاف ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں۔ انھوں نے یمنی عوام سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کی حمایت اور صیہونی جرائم کی مذمت میں اپنی ریلیوں، مظاہروں اور احتجاجات کا سلسلہ جاری رکھیں۔
یمنی حکام نے بارہا کہا ہے کہ جب تک فلسطینیوں کی خوراک اور انسان دوستانہ امداد فراہم نہیں کی جائے گی اور غزہ میں نسل کشی نہیں روکی جائے گی اس وقت تک یمنیوں کے متحدہ موقف میں کوئي تبدیلی نہیں آئے گی اور یمن کی مسلح افواج کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یمن کی مسلح افوج نے ہفتے کے روز بھی خلیج عدن میں امریکی بحری جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج فلسطینیوں کی حمایت میں بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں غاصب صیہونی حکومت سے متعلق مختلف بحری تجارتی جہازوں کو مسلسل نشانہ بناتی رہی ہیں اور انھوں نے اعلان کیا ہے کہ ایسی کارروائیاں فلسطینیوں کی حمایت میں جاری رہیں گی۔

ٹیگس