غزہ پر وحشیانہ صیہونی حملے جاری، متعدد فلسطینی شہید اور زخمی
غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت جاری ہے اور تازہ حملوں میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں پانچ فلسطینی اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کے ایک سنٹر پر صیہونی فوج کے حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ یہ حملہ رفح میں ہوا ہے اور اس وحشیانہ حملے میں دسیوں فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہيں۔ اس حملے کی جو ویڈیو کلپ سامنے آئی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ امدادی سامان لانے والے ٹرکوں کے آس پاس دسیوں بے گھر فلسطینی زخمی حالت میں زمین پر پڑے ہيں۔
کچھ زخمیوں اور شہیدوں کی لاشوں کو رفح کے کویت اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غزہ کے شہریوں پردس حملے کئے گئے جن ميں اٹھاسی فلسطینی شہید اور ایک سو پینتس زخمی ہوئے ہيں۔
فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ غزہ کے شہریوں پر ایک سو انسٹھ دن سے جاری وحشیانہ صیہونی جارحیت میں اکتیس ہزار دو سو بہتر فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔