Mar ۱۸, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۲ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں کے غزہ کے شفا اسپتال پر حملے

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے پیر کی صبح ایک بار پھر غزہ کے شفا اسپتال پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا ہے اور اسپتال کا محاصرہ کرلیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت کی فوج نے آج صبح شہر غزہ کے شفا اسپتال پر شدید بمباری اور گولہ باری کی. فضائی حملوں اور گولہ باری کے ساتھ ہی غاصب اسرائیلی فوجیوں نے اسپتال کی جانب شدید فائرنگ کرتے ہوئے اسے محاصرے میں لے لیا۔ فلسطینی ذرائع نے شفا اسپتال پر صیہونیوں کے حملے ميں دسیوں فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کے اندر سیکڑوں بیمار، صحافی، طبی عملہ اور بے گھر لوگ محاصرے میں ہیں۔ صیہونی حکومت نے اس حملے کے جواز میں دعوی کیا ہے کہ اسے اسپتال کے اندر حماس کے کمانڈروں کی موجودگی کی رپورٹیں ملی ہیں۔ فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسپتال میں پھنسے ہوئے پناہ گزینوں، سیکڑوں مریضوں، صحافیوں اور طبی عملے کی جان کی ذمہ داری صیہونی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شفا اسپتال میں غاصب اسرائیلی فوجیوں کی یلغار جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی دشمن، جعلی و جھوٹی کہانیاں گڑھ کر دنیا کو دھوکا دینے اور شفا اسپتال پر یلغار کا جواز پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹیگس