القسام بریگیڈ اور سرایا القدس کی مشترکہ کارروائی، 3 اسرائیلی فوجی ہلاک کئی ٹینک اور بلڈوزرتباہ
فلسطین کے اسلامی استقامتی محاذ نے غاصب صیہونیوں پر کاری وار کئے ہیں ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگيڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے جوانوں نے شفاء اسپتال کے اطراف میں صیہونی فوجیوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق شفاء اسپتال میں صیہونی فوجیوں کے جرائم کے ساتھ ہی استقامت کے جوان اسپتال کے اطراف میں غاصب صیہونی فوجیوں کا مقابلہ کررہے ہيں ،القسام بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے جوانوں نے جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی شاخ سرایا القدس کے ساتھ مل کر شفاء اسپتال کے اطراف میں غاصب صیہونی فوجیوں پر مارٹر حملہ کیا ہے۔
القسام بریگيڈ کے جوانوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے شفاء اسپتال کے اطراف میں تین صیہونی فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔
القسام بریگیڈ نے شمالی غزہ کے علاقے شمال مشرقی بیت حانون میں صیہونی فوج کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اس کے ایک مرکاوا ٹینک اور ڈی نو ماڈل کے ایک بلڈوزر کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب فلسطین کی تحریک حماس نے غزہ پر حملہ جاری رکھنے کے بارے میں صیہونی وزیراعظم کے اصرار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے عالمی برادری کے لئے مزید پیچیدہ مسائل پیدا ہوں گے۔
فلسطین کی تحریک حماس نے رفح پر حملہ کرنے کے لئے نیتن یاہو کی دھمکی کو عالمی برادری کے انتباہ اور مواقف کو نظرانداز کئے جانے سے تعبیر کیا۔ حماس نے اسی طرح سیاسی مقاصد کے لئے نیتن یاہو کی جانب سے غزہ کے عام شہریوں کے خلاف جاری قتل عام و جارحیت کے اقدام سے نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر حملہ جاری رکھنے کے بارے میں صیہونی وزیراعظم کے اصرار سے عالمی برادری کے لئے مزید پیچیدہ مسائل پیدا ہوں گے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ کے خلاف جاری جنگ اور رفح پر حملہ کرنے کی صیہونی دھمکیوں سے حالات مزید بگڑتے جا رہے ہیں۔ فلسطین کی تحریک حماس نے تاکید کی ہے کہ رفح پر حملہ کرنے کے لئے نیتن یاہو کی دھمکی عالمی برادری کے انتباہ اور مواقف کو نظرانداز کئے جانے کے مترادف ہے جس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کی جارحیت اور جنگ جاری رکھے جانے کی مسلسل حمایت کرتے رہے ہیں۔