Mar ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • الشفااسپتال کی دل دہلا دینے والی رپورٹیں

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ کے الشفاء اسپتال میں صیہونی فوجیوں کے جرائم کی مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصرکنعانی نے غزہ کے الشفاء اسپتال کے طبی عملے ، مریضوں، زخمیوں اور پناہ گزینوں کے خلاف صیہونی فوجیوں کے خوفناک اور انسانیت سوز جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے سے غزہ کا الشفاء اسپتال اور اس میں موجود طبی عملہ، مریض اور فلسطینی پناہ گزيں صیہونی حکومت کی دہشتگرد فوج کے شدید محاصرے میں ہیں اور صیہونی حکومت اس اسپتال میں انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔

ناصرکنعانی نے مزید کہا کہ اس درمیان اس اسپتال میں محصور خواتین کے ساتھ تشدد اور اہانت کے بارے میں بھی دل دہلا دینے والی رپورٹیں مل رہی ہیں جس نےعالمی برادری کی جانب سے شفااسپتال میں صیہونی فوجیوں کے جنگی جرائم کو طشت از بام کرنے کے لئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے اور عالمی برادری کے فوری اور بھرپور اقدام کی ضرورت کو واضح کردیا ہے۔

ناصرکنعانی نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایک بار پھر فلسطین کی مظلوم قوم کی حمایت کے سلسلے میں اسلامی حکومتوں اور عالمی برادری کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتا ہے اور حکومتوں نیز بین الاقوامی اداروں سے ان جرائم کو رکوانے کے لئے فوری اور موثراقدام نیز اس قسم کے انسانیت سوز جرائم انجام دینے والوں، ان کا حکم دینے والوں اوران کی حمایت کرنے والوں کے خلاف مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت کے اس طرح کے وحشیانہ جرائم نے پہلے سے زيادہ غاصبوں کے خلاف ملت فلسطین کی استقامت کے حق کو ثابت کردیا ہے ۔

ٹیگس