Apr ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۰:۴۱ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو سزا ملنا یقینی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ایران کے وزیر خارجہ نے پیر کو دمشق میں شام کے صدر سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اس ملاقات میں کہا کہ صیہونی حکومت کو اس دہشت گردانہ فضائی حملے کا جواب اور سزا مل کے رہے گی۔
انہوں نے اس ملاقات میں حماس اور جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہوں سے اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متعدد رپورٹیں بتاتی ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت اندر سے منتشر ہوچکی ہے، اس کے اندرونی اختلافات میں اس حدتک اضافہ ہوچکا ہے کہ ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
اس ملاقات میں شام کے صدر بشار اسد نے ایرانی کونسلیٹ پر صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ فضائی حملے میں ایران کے فوجی مشیروں کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔ انھوں نے اس دہشت گردانہ حملے کے بعد صدر ایران کے ساتھ اپنی ٹیلیفونی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے شہدا ہمارے شہدا ہیں اور اس مسئلے میں ہمارے اور آپ کے احساسات اور مو‍قف ایک ہیں۔
شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ اس وقت ایران اور شام کو ایک مشترکہ جنگ کا سامنا ہے۔ بشار اسد نے شام کےخلاف صیہونی حکومت کے حملوں میں شدت کو اس کے جنون کی علامت قرار دیا اور کہا کہ یہ جرائم صیہونی حکومت کی شکستوں کی تلافی میں کوئی مدد نہیں کرسکتے۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین عبداللہیان نے دمشق میں ایرانی کونسلیٹ پر غاصب صیہونی حکومت کے یکم اپریل کے دہشت گردانہ فضائی حملے میں شہید ہونے والے ایران کے فوجی مشیروں کی جائے شہادت کے معائنے کے بعد کونسلیٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔

ٹیگس