Apr ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی حکومت ہی مغربی ایشیا میں کشیدگی کی ذمہ دار ہے: اردوغان

ترکیہ کے صدر نے جارح صیہونی حکومت کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کی جوابی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے اس جارح اورغاصب حکومت کے حمکرانوں کو ہی مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق  ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے شام کے دارالحکومت دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے قونصلر سیکشن کے خلاف اسرائیل کی حالیہ جارحیت پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتنیاہو اور اس حکومت کے دیگر سربراہان ہی مغربی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے ذمہ دار ہیں۔

اردوغان نے اسرائیلی وزیر اعظم پر علاقائی جنگ کا میدان ہموار کرنے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو اقتدار میں رہنے کے لیے غزہ میں جنگ کو طول دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 ترکیہ کے صدر نے شام میں ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر صیہونی حکومت کے حملے کو اس حکومت کی کشیدگی کا تازہ ترین واقعہ قرار دیا اور اس جارح حکومت کی سفاکیت و بربریت کو روکنے کے لیے عالم اسلام کی کوششوں میں تیزی لانے اور اس جارح حکومت کے حملوں اور انسانیت کے خلاف جرائم کی سزا دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

ٹیگس