غاصب صیہونی فوجیوں کے غرب اردن کے کئی علاقوں پر حملے، متعدد فلسطینی گرفتار
غاصب صیہونی فوجیوں نے جمعرات کو غرب اردن کے بعض علاقوں پر حملہ کر کے چند نوجوانوں سمیت متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی فوجیوں نے بیت لحم میں واقع بیت فجار علاقے پر یلغار کر کے ایک فلسطینی کو گرفتار کر لیا جو جیل سے چھوٹ کر آیا تھا۔ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر نابلس کے مشرقی علاقے پر یلغار کی جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوانوں نے ان پر فائر کھول دیا۔
ان حملوں کے دوران النجاح یونیورسٹی کے طالبعلم شیما محمد رواجبہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ غاصب صیہونی فوجیوں نے نابلس کے عسکر پناہ گزیں کیمپ سے پندرہ فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ اسی کیمپ سے کچھ دیگر فلسطینیوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے شہر الخلیل میں صیہونی جیل سے رہائی پانے والے شادی العویوی کے گھر پر حملہ کر کے ان کی گاڑی ضبط کرلی۔ غاصب صیہونی فوجیوں نے رام اللہ کے کفرمالک علاقے سے ایک نوجوان فلسطینی لڑکی کو بھی گرفتار کرلیا۔ غزہ میں مسلسل جنگ کے ساتھ ہی صیہونی انتہاپسندوں نے بھی غرب اردن میں اپنے حملے تیز کردیئے ہيں۔ غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ جمعے کی شام تک غرب اردن میں چار سو ترسٹھ فلسطینی شہید اور تقریبا چار ہزار سات سو پچاس زخمی ہوچکے تھے۔