حماس اور جہاد اسلامی کے رہنماؤں کی ملاقات ، فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال
فلسطین کی تحریک حماس اور جہاد اسلامی فلسطین کے رہنماؤں کے ایک وفد نے ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: حماس کے وفد میں غزہ میں اس تحریک کے دفتر کے نائب سربراہ خلیل الحیہ اور اس تحریک کے دیگر رہنما محمد نصر اور اسامہ حمدان موجود تھے جبکہ تحریک جہاد اسلامی کے وفد میں تحریک کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ اور اس کے سیاسی دفتر کے رکن اکرم العجوری شریک تھے-
موصولہ رپورٹ کے مطابق اس ملاقات جس میں ملاقات کی جگہ کا ذکر نہیں کیا گیا ہے، فلسطین کی تازہ ترین سیاسی اور میدانی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گيا اور فریقین نے، طوفان الاقصی کی جنگ میں صہیونی دشمن کا مقابلہ کرنے اور مزاحمت کی حمایت میں ، فلسطینی قوم کی استقامت کی تعریف کی۔
اس ملاقات میں دونوں فریق نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی قوم کا انتخاب، آزادی اور واپسی کے مقصد کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنا ہے۔
حماس اور اسلامی جہاد کے رہنماؤں نے غزہ کے خلاف جنگ کو روکنے کے لیے کی جانے والی کوششوں اور صیہونی دشمن کی رکاوٹوں اور ہٹ دھرمی اور اس حکومت کو حاصل امریکی حمایت کے سبب مذاکرات میں تعطل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں حماس اور اسلامی جہاد کے وفود نے، غزہ کی حمایت میں لبنان، یمن اور عراق کے حمایتی محاذوں کے کردار کو سراہا۔