May ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۶:۲۳ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ صیہونی جارحیت، شہداء کے جنازے سڑکوں پر

غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے فوجی حملے بدستور جاری ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے فوجی حملوں میں بائیس افراد شہید ہوگئے۔

غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شہداء ملبوں کے نیچے دبے ہوئے ہيں اور بعض شہداء کے جنازے سڑکوں کے کنارے پڑے ہوئے ہيں جنھیں امدادی ادارے صیہونیوں کی مسلسل جارحیتوں کی بنا پر منتقل نہيں کر پا رہے ہيں۔

غاصب صیہونی فوج نے مرکزی شہر غزہ کے الدرج محلے میں بھی پناہ گزینوں کی رہائش گاہوں، اسکولوں اور مسجدوں پر بمباری کر کے کم سے کم سولہ فلسطینیوں منجملہ پانچ بچوں کو شہید اور دسیوں کو زخمی کردیا ہے۔

صیہونی فوجیوں نے شہر جنین پر بڑے پیمانے پر جارحیت جاری رکھتے ہوئے اس ہوٹل کا محاصرہ کرلیا ہے جس میں الجزیرہ ٹی وی کے نامہ نگار رہائش پذيرہيں، صیہونی فوجی اپنے اس جارحانہ اقدام کے ذریعے الجزیرہ کے رپورٹروں کو رپورٹنگ سے روک رہے ہيں۔

فلسطین الیوم کی ویب سائٹ نے بھی رپورٹ دی ہے کہ قدس کے غاصبوں نے شہر جنین میں اس ہوٹل کا محاصرہ کرلیا ہے جہاں صحافی اور نامہ نگار قیام پذیر ہيں ۔ صیہونی فوجیوں نے اس ہوٹل کے ایک ملازم کو گولی مار کر زخمی کردیا ہے۔

غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے غرب اردن کے مختلف علاقوں کے فلسطینی بھی صیہونی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہيں اور کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گزرتا جب صیہونی فوجیوں سے ان کی جھڑپ نہ ہوتی ہو اور اس میں کوئی فلسطینی شہید اور زخمی نہ ہوتا ہو۔

فلسطین کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ دوسوتیس دنوں میں غرب اردن میں پانچ سو چودہ افراد کو شہید کیا جا چکا ہے اور یوں صوبہ جنین کے ایک سو ستائیس افراد صیہونیوں کے جرائم کے نتیجے میں شہید ہوچکے ہیں۔

اسی طرح اسرائیلی فوج نے جنین کیمپ پر یلغار کر کے اس پناہ گزیں کیمپ کی بنیادی تنصیبات تباہ کردیں۔

ٹیگس