رفح پر اسرائیل کے وحشیانہ حملہ کے بعد حماس کا اعلان، صیہونی حکومت سے اب نہیں ہوں گے مذاکرات
حماس نے رفح میں فلسطین کے مہاجرین کے کیمپ پر صیہونی حکومت کے حملوں کے بعد اعلان کردیا کہ کسی بھی قسم کے مذاکرات میں شرکت نہیں کرے گی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کے مطابق حماس نے اعلان کیا ہے کہ شہر رفح میں مہاجرین کے کیمپ پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کے بعد اس نے کسی بھی قسم کے مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صیہونی حکومت کی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات، نصف شب کے وقت جنوبی غزہ کے شہر رفح میں مہاجرین کے کیمپ پر بمباری کردی جس میں عورتوں اور بچوں سمیت درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ حماس اورجہاد اسلامی فلسطین نے الگ الگ بیانات جاری کرکے اس وحشیانہ حملے کو رفح پر حملے فوری طور پر روکنے پر مبنی بین الاقوامی عدالت انصاف کے حکم سے بے اعتنائی قرار دیا اور اس کے لئے امریکی حکومت بالخصوص صدر جو بائیڈن کو جواب دہ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے جمعے کو رفح پر حملے فوری طور پر بند کرنے اور غزہ تک انسان دوستانہ امداد پہنچانے کے لئے رفح پاس کھولنے کا حکم صادر کیا تھا۔