Jun ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۷ Asia/Tehran
  • امریکہ صیہونی حکومت کے جرائم میں برابر کا شریک ہے: سید عبدالملک بدرالدین الحوثی

یمن کی مزاحمتی تنظیم تحریک انصار اللہ نے ایک بار پھر امریکہ کو غاصب صیہونی حکومت کے تمام جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل کے مطابق تحریک انصار اللہ کے سیکرٹری جنرل سید عبدالملک بدر الدین الحوثی نے جمعرات کے روز اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطینی قوم کے خلاف جاری تمام صہیونی جرائم میں ایک شراکت دار کی حیثیت سے امریکہ کا کردار بدستور جاری ہے۔
یمنی رہنما نے کہا کہ امریکیوں کی یہ بھی کوشش ہے کہ وہ اپنے ملک کے اندر اسرائیل کی حمایت پر مبنی واشنگٹن کی پالیسیوں کی مخالفت میں کوئی آواز نہ اٹھے۔ تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے امریکہ کے دوغلے پن اور دوہرے معیارات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جو اپنے نعروں اور دعووں میں کہتے تھے کہ وہ ججوں کا احترام کرتے ہیں، اب وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت اور اس کے عملے اور ججوں کے خلاف پابندیاں لگا رہے ہیں۔ بدر الدین الحوثی نے مزید کہا کہ غزہ پٹی میں دوسو چوالیس روز ہو گئے کہ صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی ہو رہی ہے اور ایک ہفتے میں صیہونیوں نے اکیس سو افراد کو شہید اور زخمی کیا ہے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
انہوں نے فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی حیرت انگیز کارکردگی کا ذکر کیا اور کہا کہ فلسطینی مجاہدین صیہونی حکومت کے خلاف تمام محاذوں پر ثابت قدمی اور پامردی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں اور انہوں نے صیہونی حکومت کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔

ٹیگس