میدان عرفات: ایک ہی صف میں کھڑے ہو گئے محمود و ایاز
دنیا بھر سے تقریباً 20 لاکھ عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: دنیا بھر سے آئے ہوئے تقریبا 20 لاکھ عازمین حج لبیک اللھم لبیک، لبیک لا شریک لک لبیک کے ورد کے ساتھ منیٰ سے حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لئے میدان عرفات پہنچ رہے ہیں اور یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہے گا۔
لاکھوں عازمین حج آج میدان عرفات میں سورج غروب ہونے تک عبادات و مناجات میں مصروف ہوں گے۔
میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں عازمین حج امام صاحب کا خطبہ حج سنیں گے اور ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔ وہ غروب آفتاب تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔ یہاں وہ دن بھر ذکر و اذکار اور عبادات میں مصروف رہیں گے اور اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں گے۔
سورج غروب ہوتے ہی عازمین مزدلفہ کا رخ کریں گے اور وہاں پہنچ کر وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ حجاج مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور رمی جمرات کے لئے کنکریاں چنیں گے۔ حجاج کرام یہاں اپنے رب کے حضور مناجات کے ساتھ سنت کے مطابق آرام بھی کریں گے۔
حجاج کرام اتوار یعنی 10 ذی الحجہ کو نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد سورج طلوع ہونے تک مناجات کریں گے، وہ اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کل بروز اتوار عید الاضحیٰ ہے جبکہ ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت کئی ممالک میں پیر 17 جون کوعید الاضحیٰ ہے۔