مناسک حج کا آخری مرحلہ، حجاج شیطان کو کنکریاں مارنے میں مصروف
مناسک حج آخری مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور منیٰ میں حجاج کرام کا آج آخری دن ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: منیٰ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے حج کے لئے جانے والے اٹھارہ لاکھ سے زائد حجاج کرام منیٰ ميں رمی جمرات یعنی شیطان کو کنکریاں مارنے میں مصروف ہیں۔
حجاج کرام مغرب سے پہلے مکہ مکرمہ کی طرف روانہ ہوجائیں گے اور جو آج مغرب سے پہلے روانہ نہیں ہوسکے گا وہ کل شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد مکہ روانہ ہوگا۔
حجاج کرام کے مکہ مکرمہ پہنچنے اور صفا و مروہ کے درمیان سعی ، طواف خانہ کعبہ اور نماز طواف کے بعد مناسک حج مکمل ہوجائيں گے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ لاکھوں حجاج کرام اس وقت بھی خانہ کعبہ میں طواف میں مصروف ہیں ۔
جو حجاج کرام مدینہ ہوتے ہوئے مکہ مکرمہ پہنچے تھے وہ حج مکمل ہونے کے بعد وطن روانگی کی تیاری کریں گے اور جو حجاج کرام براہ راست مکہ پہنچے تھے وہ مدینہ جائیں گے اور وہاں زیارات کے بعد وطن کے لئے روانہ ہوں گے۔