صیہونی حکومت کے فوجی اہداف پر حزب اللہ کےحملے
حزب اللہ نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے فوجی اہداف پر حملے کئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المیادین کے مطابق حزب اللہ نے ایک بیان جاری کر اعلان کیا ہے کہ المنارہ اور مرگلیوت نامی صیہونی کالونیوں کے درمیان واقع غاصب صیہونی حکومت کے ایک فوجی مرکز پر حملہ کیا گیا ہے۔حزب اللہ نے ایک اور بیان میں بتایا ہے کہ اس تنظیم کے مجاہدین نے کفرشوبا کی پہاڑیوں پر السماقہ فوجی اڈے میں صیہونی فوجیوں کے جمع ہونے کے ایک مرکز کو مارٹر توپوں سے نشانہ بنایا ہے۔
الجزیزہ نے بھی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ الجلیل علیا میں حزب اللہ کے حملے کے بعد خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
قابل ذکر ہے کہ سات اکتوبر دوہزار تیئیس کے آپریشن طوفان الاقصی کے بعد جب غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کے مظلوم عوام پر وسیع حملے شروع کئے تو حزب اللہ لبنان نے غزہ پر حملوں کا زور توڑنے کی غرض سے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوجی مراکز پر حملے شروع کردیئے۔
حزب اللہ لبنان کے وسیع میزائلی اور راکٹی حملوں نیز گولہ باریوں کے نتیجے میں شمالی مقبوضہ فلسطین کے وسیع علاقے میں صیہونی کالونیاں خالی ہوگئيں اور بہت سے غیر قانونی صیہونی کالونیوں کے آبادکاروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنگ ختم ہونے کے بعد بھی ان کالونیوں میں واپس نہیں جائيں گے۔