Jun ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدین اور اسرائیلی فوجیوں میں گھمسان کی جنگ، اسرائیل کے 2 مرکاوا ٹینک، بکتر بند گاڑی اور ایک بولڈزر تباہ

فلسطین کے مزاحمتی گروہوں نے اعلان کیا ہےکہ غزہ کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوج کے خلاف تازہ کارروائی انجام دی ہے

سحر نیوز/ عالم اسلام: ذرائع نے جنوبی غزہ میں واقع شہر رفح کے مختلف علاقوں خاص طور السعودی اور الشاپورہ میں مزاحمتی فورسز اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید لڑائی کی خبر دی ہے - تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگيڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کےمجاہدین نے شہر غزہ کے تل الھوا علاقے میں یاسین ایک سو پانچ نامی راکٹ سے نشانہ بناکر صیہونی فوج کی ایک بکتر بند گاڑی اور ایک بولڈزر کو تباہ کردیا ہے - اس بریگيڈ نے اسی طرح یاسین ایک سو پانچ راکٹوں سے الشجاعیہ کے علاقے میں دو مرکاوا ٹینکوں کو بھی تباہ کیا ہے-

اسی طرح شہید عمر القاسم فورسز نے بھی کہا ہے کہ انہوں نے شہداء الاقصی بریگيڈ کی مشارکت سے الشجاعیہ کے علاقے میں صیہونی دشمن کے فوجی ٹھکانے اور ان کی گاڑیوں کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ہے-

تحریک فتح کی فوجی ونگ شہدائے الاقصی بریگيڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی فوجیوں کے خلاف چار کارروائیاں انجام دی ہیں جس کے دوران صیہونی فوجیوں کے ساتھ شدید لڑائی ہوئی ہے-

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدائے الاقصی بریگيڈ کے جوانوں نے دشمن کے ٹھکانوں اور ان کے جنگی سازوسامان کو غزہ کے علاقوں میں نشانہ بنایا ہے اور متعدد صیہونی فوجیوں کو ہلاک یا زخمی کردیا ہے۔

اس بریگيڈ کے جوانوں نے نتساریم میں بھی صیہونی فوج کے ٹھکانے کو راکٹوں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ہے-

فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کی فوجی شاخ سرایا القدس اور تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگيڈ کے مجاہدین، مشرقی غزہ کے الشجاعیہ علاقے میں گھات لگاکر صیہونی فوجیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ٹیگس