امریکہ اور برطانیہ کی یمن کےعلاقوں پر بمباری
امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے یمن کے شمال مغربی علاقے پر بمباری کی ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: المسیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے شمال مغربی یمن کے صوبہ حجہ کے علاقے بحیص پر بمباری کی ہے۔ یمن کے مختلف علاقوں پر گذشتہ مہینوں کے دوران امریکہ اور برطانیہ کے جنگی طیاروں نے متعدد بار جارحانہ حملے کئے ہیں۔
یہ حملے صیہونی حکومت کے خلاف عائد کئے گئے سمندری محاصرے کو ختم کرنے کی غرض سے یمن کی قومی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لئے کیے جا رہے ہیں۔
گذشتہ مہینوں کے دوران غزہ میں فلسطینی قوم کی مزاحمت کی حمایت میں یمنی فوج نے بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں متعدد صہیونی بحری جہازوں یا قابض اسرائیل کو جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یمنی فوج نے عہد کیا ہے کہ جب تک صیہونی حکومت غزہ پر اپنے حملے بند نہیں کرتی اس وقت تک بحیرہ احمر میں قابض اسرائیل کی طرف جانے والے بحری جہازوں پر حملے جاری رکھیں گے۔