غرب اردن میں فلسطینی مجاہدین اور صیہونی فوج میں لڑائی
فلسطین کے مزاحمتی گروہ نے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں غاصب فوجیوں کے ساتھ شدید لڑائی کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کی فوجی شاخ سرایا القدس بریگيڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس بریگيڈ کے مجاہدین نے غرب اردن میں واقع جنین میں صیہونی فوجیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ان کو گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔ اس بریگيڈ نے مزید کہا ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوج کے ساتھ لڑائی ہوئی اور ان میں بعض کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔
در ایں اثنا فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی شاخ شہید عزالدین قسام بریگيڈ نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک گاڑی پر سوار چار صیہونی فوجیوں کو نشانہ بناکر ان کو زخمی کردیا۔
القسام نے اسی طرح غرب اردن کے طولکرم علاقے میں صیہونی فوج کی ایک گاڑی کو بم سے اڑانے کی خبر دی ہے- یہ بم پہلے سے ہی صیہونی فوج کے راستے میں نصب کیا گيا تھا۔
القسام بریگيڈ نے اس بات پر زور دیا کہ طولکرم آپریشن شہداء کے خون کا بدلہ لینے اور غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اسرائیلی حکومت کے جرائم کے جواب میں کیا گيا ہے۔ یہ کارروائی اسی طرح مسجد الاقصی کے خلاف جارح صہیونی حکومت کی جنگی کابینہ کے غیر قانونی اقدامات اور فلسطینی قیدیوں کے خلاف اس حکومت کے جرائم کے بارے میں بھی براہ راست انتباہی پیغام ہے۔
القسام نے مزید کہا کہ یہ بہادرانہ کارروائی اس بات پر تاکید ہے کہ آنے والے دنوں میں موت، صیہونی فوجیوں کے انتظار میں گھات لگائے بیٹھی ہے۔ دوسری جانب تحریک فتح کی عسکری شاخ شہداء الاقصی بٹالین نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے جنین شہر کے جبع علاقے میں حملہ آوروں کے ساتھ آتشیں اسلحے اور بموں کے ساتھ مقابلہ کیا ہے۔