غزہ پر تازہ صیہونی ہوائی حملوں میں 11 فلسطینی شہید
غزہ پٹی پر صیہونی فوج کے تازہ ترین حملوں میں گیارہ فلسطینی شہید ہوگئے ہيں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی فوج کے جنگي طیاروں نے آج صبح مرکزی غزہ پٹی میں واقع البریج اور النصیرات کیمپوں میں دو رہائشی مکانات کو حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے ميں گيارہ فلسطینی شہید ہوگئے جن میں زيادہ تر بچے اور خواتین ہیں۔ فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ پر صیہونی فوج کے جرائم میں شہید ہونے والوں کے تازہ ترین اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سات اکتوبر کے بعد سے اب تک اڑتیس ہزار آٹھ سو بیاسی فلسطینی شہید ہو چکے ہيں۔
صیہونی حکومت نے نو مہینے پہلے تحریک حماس کو ختم کرنے اور صیہونی قیدیوں کو آزاد کرانے کے اعلان کے ساتھ غزہ پر وحشیانہ حملے شروع کئے تھے تاہم اب تک اپنا کوئی مقصد حاصل نہیں کرسکی ہے۔
اس سلسلے میں تحریک حماس کے ایک رہنما عزت الرشق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ پٹی پر فلسطینی عوام کے خلاف امریکہ کی بھرپور حمایت سے غاصب صیہونی حکومت کے دہشتگردانہ حملے اور جرائم، دو سو اٹھاسی دنوں سے بدستور جاری ہیں۔ الرشق نے زور دے کر کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم صیہونی حکومت پر دباؤ ڈال کر ہی روکے جاسکتے ہيں ۔