یمنی عوام پیچھے ہٹنے والے نہیں، فلسطین کی حمایت میں ملین مارچ کے دوران فوجی کارروائیاں جاری رہنے پر زور + ویڈیو
یمن کے عوام نے حسب معمول جمعہ کے روز ملک کے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں ملین مارچ کا سلسلہ جاری رکھا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: موصولہ رپورٹ کے مطابق یمنی مظاہرین نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جب تک غزہ پر صیہونی فوج کی جارحیت جاری رہے گی ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ان مظاہروں اور ملین مارچ میں شہید اسماعیل ہنیہ کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔
انہوں نے اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کے صیہونی حکومت کے بزدلانہ اور دہشت گردانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن یہ بات جان لے کہ اس بزدلانہ دہشت گردی سے استقامت کے مجاہدین کا جذبۂ جہاد ہرگز کمزور نہیں ہوگا۔
انہوں نے یمنی فوج کی مکمل حمایت اور اس سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک غزہ میں جارحیت اور قتل عام اور اس کا محاصرہ جاری رہےگا تو اس کے خلاف ہماری فوج کی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی اور ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
واضح رہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔