غزہ پر صیہونی جارحیت، 40 ہزار 534 فلسطینی شہید
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تئیس سے اب تک غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت میں چالیس ہزار پانچ سو چونتیس فلسطینی عام شہری شہید ہو چکے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ تازہ جارحیت میں غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا ۔ خان یونس اور غزہ کے دیگر علاقوں پر صیہونی حملے میں سترہ فلسطینی شہید اور کئی دیگر فلسطینی زخمی ہو گئے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں فلسطینی عام شہریوں کے خلاف چار بار جرائم کا ارتکاب کیا جس میں اٹھاون فلسطینی شہید اور ایک سو اکتیس دیگر زخمی ہوئے ۔ اس طرح اب تک چالیس ہزار پانچ سو چونتیس فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ ترانوے ہزار سات سو اٹھہتر دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ میں ایک اور صحافی کے شہید ہونے کی خبر ملی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کی جبالیا کیمپ پر وحشیانہ جارحیت میں محمد عبدہ نامی صحافی اپنی بہن کے ہمراہ شہید ہو گیا۔ اس طرح صیہونی جارحیت میں اب تک ایک سو ستر سے زائد صحافی اور نامہ نگار بھی شہید ہو چکے ہیں ۔