Aug ۳۱, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • مصر میں صیہونی شہریوں پر حملہ، 6 صیہونی زخمی

مصر کے سرحدی شہر طابا میں ایک صیہونیت مخالف کارروائی میں چھے صیہونیوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: مصری میڈیا نے صیہونی حکومت کے ریڈیو کے حوالے سے بتایا ہے کہ جزیرہ نمائے سینا کے جنوب میں واقع شہر طابا میں غیر آتشیں اسلحے سے صیہونیوں پر حملہ کیا گیا جس میں چھے صیہونی زخمی ہوگئے ہیں۔ صیہونی ریڈیو کے مطابق اس حملے کی وجہ معلوم کرنے کےلئے تحقیقات جاری ہیں۔ صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل ٹویلو کا کہنا ہے کہ یہ حملہ طابا سرحدی گزرگاہ پر ہوا ہے۔ صیہونی ویب سائٹ واللا نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ شہر طابا میں ایک ہوٹل کے ملازمین اور صیہونی سیاحوں میں تصادم ہو گیا تھا جس کے دوران چھے صیہونی زخمی ہوگئے۔
مذکورہ ویب سائٹ کے مطابق مصری پولیس نے فورا ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی صیہونیوں کو سرحدی گزرگاہ تک پہنچایا جہاں سے انہیں مقبوضہ فلسطین منتقل کردیا گیا۔ ابھی تک زخمی ہونے والے صیہونیوں کے عسکری یا غیر عسکری ہونے کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ برس جون میں بھی مصر اور مقبوضہ فلسطین کی سرحدی گزرگاہ نیتصانا پر صیہونی فوجیوں پر ایک مسلح گروہ نے فائرنگ کر دی تھی جس میں چار صیہونی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔

ٹیگس