ہم غزہ کےعوام کی حمایت سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، یمن کے وزیردفاع
یمن کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ غزہ کے عوام کی حمایت سے نہ پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی کوئی سودے بازی کریں گے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل محمد عاطفی نے کہا کہ ہم کسی تشویش کے بغیر یمنیوں کی مخصوص شجاعت کے ساتھ صیہونیوں کے جنون کا مقابلہ کریں گے اور انہیں ویسا ہی محکم جواب ملے گا جس کا مزہ ہم انہیں سمندر میں چکھا چکے ہیں۔ یمن کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ان کا ملک اپنی دفاعی صلاحیتوں اورتوانائیوں کو بڑھانے کا سلسلہ بھی جاری رکھے گا۔
بریگیڈیر جنرل محمد عاطفی نے کہا کہ امت اسلامیہ اور اس کی اقدار و مقدسات نیز اپنی سرزمین اور سلامتی کے دفاع کے حوالے سے، جہاد اور استقامت کے محاذ میں یمن کی پوزیشن بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ یمن کے وزیر دفاع نے کہا کہ ان کا ملک آزادی اور خودمختاری کی راہ میں آگے بڑھتا رہےگا اور کسی بھی بیرونی طاقت کی پیروی نہیں کرے گا۔
بریگیڈیر جنرل محمد عاطفی نے کہا کہ صنعا اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گا کہ ہمارے ملک کی سلامتی اور اس کے ثبات و استحکام کومتزلزل کیا جائے اور اس کو خطرے میں ڈالا جائے۔