Sep ۰۸, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں فلسطینی مجاہدوں کی بڑی کارروائی، کئی ہلاک اور زخمی

پریس ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غرب اردن میں صیہونیت مخالف کارروائی میں تین صیہونی ہلاک ہو گئے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق صیہونی ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ غرب اردن کے سرحدی علاقے النبی گذرگاہ کے علاقے میں صیہونیت مخالف کارروائی میں کم سے کم تین صیہونی ہلاک ہو گئے۔ صیہونی حکومت کے ہنگامی امور کے ادارے نے تین صیہونیوں کی ہلاکت کی خبر کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب المیادین کے نامہ نگار نے رپورٹ دی ہے کہ کوئی بعید نہیں کہ یہ تینوں صیہونی گذرگاہ میں تعینات صیہونی فوجیوں میں سے رہے ہوں۔ صیہونی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے صیہونیت مخالف کارروائی انجام دینے والے نوجوان کی طرف فائرنگ کی جس میں وہ شہید ہو گیا ابھی شہید ہونے والے حملہ آور کی شناخت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بعض پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونیت مخالف کارروائی انجام دینے والا اردن کا ایک ٹرک ڈرائیور رہا ہے جو اردن کی سرحد سے اس گذرگاہ میں داخل ہوا۔ حال ہی میں غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں بھی صیہونیت مخالف حملے کے تحت ایک بس پر ہونے والی فائرنگ میں تین صیہونی ہلاک ہو گئے تھے۔

طوفان الاقصی آپریشن شروع ہونے کے ساتھ ہی فلسطینی مجاہدین اور جوانوں نے مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت کے جواب میں حملے شروع کئے ہیں ۔ دریں اثنا صیہونی فوج نے آج اتوار کے روز ایک بار پھر غرب اردن کے مختلف شہروں اور علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے الطور چیک پوسٹ کی طرف سے نابلس پر حملہ کیا جہاں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔

تحریک فتح کے فوجی بازو شہدائے الاقصی بٹالین نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں کو باب الساحہ کے اطراف کے علاقوں میں بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدائے الاقصی بٹالین کے جوانوں نے غرب اردن کے علاقے نابلس کے قدیمی علاقے میں صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور صیہونی فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچایا۔ فلسطین کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے دو فلسطینی جوانوں کو جبکہ وہ شہر قلقیلیہ کے شمال میں المرج کے علاقے میں نسل پرستانہ دیوار کے قریب تھے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور وہ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔

 

ٹیگس