نفرت کی آگ کو بجھانے کی کوشش کرنے والوں کو نشانہ بنا رہا ہے اسرائیل: لبنان کے وزیراعظم
لبنان کے عبوری وزیر اعظم نجیب میقاتی نے اپنے ملک کے امدادی دستوں پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کہا کہ لبنان کے خلاف یہ نئی جارحیت صیہونی دشمن کی طرف سے کوئی انوکھی بات نہیں ہے، یہ وہی حکومت ہے کہ جس کے مسلسل جرائم کا ہم لبنان کے مختلف علاقوں اور مقبوضہ فلسطین میں مشاہدہ کرتے رہتے ہيں۔
لبنان کے وزیراعظم نے اس بات کے پیش نظر کہ اسرائیلی دشمن کسی بھی عالمی قوانین و عرف پر توجہ نہيں دیتا، مغربی ملکوں کے سفراء اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بیروت میں منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں تاکہ سب لوگ لبنان کے خلاف اسرائيل کے مسلسل حملوں کو روکنے اور کسی بھی قانون کی پابندی نہ کرنے والی اس حکومت پر دباؤ ڈالنے کی اپنی ذمہ داری پوری کریں۔
میقاتی نے مزید کہا: اسرائیلی حکومت لبنان اور لبنانیوں کے خلاف اپنے جرائم کو جاری رکھے ہوئے ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے خلاف جو اس کی نفرت کی آگ کو بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔