دہشتگرد اسرائیل کا شام پر وحشیانہ حملہ، درجنوں شہید اور زخمی
غاصب صیہونی حکومت کے گزشتہ شب شام پر متعدد حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد تینتالیس ہو گئی ہے جبکہ دسیوں دیگر زخمی ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے مصیاف میں قومی اسپتال کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ رات صیہونی دہشتگردوں کے حملوں میں اب تک تینتالیس شہری شہید ہو چکے ہیں۔ غاصب صیہونی حکومت نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب شام کے تین علاقوں طرطوس، مصیاف اور حمص پر متعدد بار بمباری کی ہے۔
عبرانی میڈیا نے مذکورہ حملوں کو غیر معمولی اور حالیہ چند برسوں کے شدید ترین حملے قرار دیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ صیہونی دشمن نے شام کے تاریخی شہر مصیاف کے مضافات میں واقع ایک سائنسی تحقیقاتی مرکز کو کئی مرحلوں میں نشانہ بنایا ہے۔ شام کے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنی تازہ ترین جارحیت میں اب تک صیہونی ٹولہ شام کے مرکزی علاقوں کو پندرہ مرتبہ نشانہ بنا چکا ہے۔ "سیرین ہیومن رائٹس واچ" کے نام سے مشہور گروپ نے کم از کم پانچ مقامات کو نشانے جانے کی خبر دی ہے۔
شام کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی ٹولے نے شمال مغربی لبنان سے شام کے وسطی علاقے کے متعدد فوجی مراکز پر بمباری کی ہے۔ شام کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق حماہ شہر کے مضافاتی علاقے حیرعباس پر بھی صیہونی دشمن نے بمباری کی ہے جس کے باعث علاقے میں وسیع پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی ہے۔