Sep ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • لہو لہان فلسطین

غزہ پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں اور پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران غاصب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ جارحیتوں اور بمباریوں میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ شہر کے جنوب مشرق میں الزیتون علاقے میں واقع ایک اسکول پر غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملے میں کم سے کم پانچ فلسطینی شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ شہید ہونے والے فلسطینیوں میں ایک عورت اور دو بچے شامل ہیں۔

الزیتوں کے اسکول پر حملے میں شہید ہونے والوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ یہ صیہونی فضائی حملہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ غزہ کے مرکز میں النصیرات کیمپ کے شمال میں ایک علاقے پر جارح صیہونی فوج نے شدید گولہ باری بھی کی ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے غزہ کے مرکز میں البریج کیمپ کے شمال میں فلسطینی شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کی ہے جس میں متعدد فلسطینی شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران غزہ پر صیہونی فوج کے حملوں میں جو الگ الگ مقامات پر کئے گئے تیس سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

اس درمیان خبر ملی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے غرب اردن کے شمال میں واقع کئی علاقوں پر حملہ کیا ہے ۔ صیہونی فوجیوں نے جنین پر شدید حملہ کیا ۔ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے ایک مکان کو نشانہ بنایا اور الشرقی علاقے کا محاصرہ کرلیا جہاں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ بھی ہوئی۔

مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے رام اللہ کے شمال مغرب میں قراوہ علاقے پر بھی حملہ کیا غزہ میں سرکاری ذرائ‏ع کا کہنا ہے کہ غزہ کے خلاف جاری وحشیانہ جنگ و جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی بنا پر رونما ہونے والہ المیہ بد سے بدتر ہوتا جا رہا ہے اور قبل اس کے کہ حالات مزید بدتر ہوجائیں بیس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی انسان دوستانہ امداد کی اشد ضرورت ہے۔

در ایں اثنا غزہ کے انفارمیشن سینٹر نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ پناہ گزینوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جا رہی ہے اور موسرم سرما کی آمد کی بنا پر حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں بنابریں رونما ہونے والے المیے کو پیچیدہ ہونے سے بچانے کے لئے بنیادی اقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے۔

ٹیگس