Sep ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۳:۱۳ Asia/Tehran
  • وحدت کا سورج طلوع، ہفتہ وحدت تمام مسلمانوں کو مبارک ہو

اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج سے ہفتہ وحدت کا آغاز ہو گیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ایام ولادت اور ہفتہ وحدت ایک بہترین موقع ہے جس میں عالم اسلام اپنے اتحاد و بھائی چارے کا بخوبی مظاہرہ کر سکتا ہے خاص طور پر اس دور میں کہ جب اسلام اور رسول اسلام (ص) کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں، عالم اسلام میں اتحاد و وحدت کی ضرورت اور زیادہ محسوس ہونے لگتی ہے۔

اہلسنت مسلمان 12 ربیع الاول کو جبکہ شیعہ مسلمان 17 ربیع الاول کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے یوم ولادت کے طور پر مناتے ہیں جسے ایران اور بہت سے اسلامی و غیر اسلامی ممالک میں ہفتۂ وحدت کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد پیدا کرنے کے مقصد سے اس مناسبت کو اتحاد کے مظہر کے طور پر استعمال کیا اور 12 سے17 ربیع الاول کے دورانیے کو ہفتۂ وحدت کا نام دیا۔

یہ ہفتہ، اسلامی دنیا میں اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر پہلے سے زیادہ توجہ دینے  کے لئے مناسب موقع ہے۔ ایسے حالات میں جب امت اسلامیہ پر چاروں طرف سے اور مختلف شکلوں میں اسلام دشمن طاقتوں کی جانب سے یلغار ہو رہی ہے، نبی رحمت (ص) سے منسوب ان ایام کی افادیت، اہمیت اور برکت پہلے سے زیادہ نمایاں ہوتی دکھاتی دیتی ہے۔

گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی ہفتہ وحدت اور ایک ہفتے تک جاری رہنے والی جشن میلادالنبی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

مسلمان فرقوں کے مابین نظریاتی طور پر بعض جزوی مسائل میں اختلاف ضرور ہے تاہم  اللہ کی وحدانیت، آسمانی کتاب، پیغمبر اور قبلہ جیسے بنیادی مسائل میں وہ اشتراک نظر رکھتے ہیں۔

اس مرتبہ ہم ہفتہ وحدت ایسے میں منا رہے ہیں کہ جب غزہ کو غاصب اسرائیل نے امریکہ کی ھمہ جانبہ حمایت سے خاک و خون میں غلطاں کر دیا اور اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد شہید و زخمی ہو گئے ہیں۔

 تمام انسانوں اور خاص طورپر مسلمانوں کو چاہئیے کہ وہ اسرائیل کو لگام دینے کیلئے عملی اقدام کریں اور بھر پور طریقے سے فلسطینیوں کا ساتھ دیں ۔

سحرعالمی نیٹ ورک، ہفتۂ وحدت کے آغاز پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماؤں کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس