امریکہ جارح صیہونی حکومت کی دہشتگردانہ کارروائیوں اور وحشیانہ جرائم کا ذمہ دار ہے: شام
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے اور عرب ممالک کے گروپ کے سربراہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکہ کو صیہونی حکومت کے جرائم کا ذمہ دار قرار دیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے اور عرب ممالک کے گروپ کے سربراہ قصی الضحاک نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نے اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرکے، بین الاقوامی قوانین، بین الاقوامی انسان دوستانہ قوانین اور انسانی حقوق کے کنونشنوں کی پرواہ کیے بغیر لبنانیوں کے خلاف اپنی دہشت گردانہ کارروائيوں کو تیز کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جارح صیہونی حکومت نے لبنان پر اپنے حملے کے دوران، انسانیت کی خدمت اور فائدہ پہنچانے والی جدید ٹیکنالوجیز کو وسیلہ بناکر عام شہریوں کا قتل عام کیا اور عام آلات کو جو شہری مقاصد کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، ٹائم بم بنا دیا کہ جن کے استعمال کرنے والے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
شام کے نمائندے نے مزید کہا کہ عرب ممالک کا گروپ لبنان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعلان کرتا ہے اور اسرائیل کے جرائم کے خلاف مزاحمت کی حمایت اور جارح اسرائیل کے حملوں کا جواب دینے کا اعلان کرتا ہے کہ جو اس ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سلامتی کونسل سے سائبر دہشت گردی اور لبنان کے خلاف جارحیت کی مذمت کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں کہ جو قابض حکومت کی طرف سے فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کے پھیلاؤ کی غماز ہے اور ساتھ ہی اس جارح حکومت کے توسط سے شام سمیت علاقائی ممالک کے خلاف بھی جارحانہ کارروائیاں انجام دینے کی مذمت کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ شام قابض حکومت کی حمایت کرنے والے ملکوں خاص طور پر امریکہ کو جارح صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات اور وحشیانہ جرائم کے تسلسل کا ذمہ دار سمجھتا ہے، نیز امریکہ کو سلامتی کونسل کے توسط سے صیہونی حکومت کے جرائم کی تحقیقات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا ذمہ دار قرار دیتا ہے کہ جو عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔