شام: دمشق کے مضافات پر صیہونی حکومت کا میزائل حملہ + ویڈیو
دمشق کے مضافات میں صیہونی حکومت کے میزائل حملے کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق آج صبح دمشق میں میزائلوں اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ شام کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دمشق کے مضافات میں ہونے والے ان دھماکوں میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہيں۔
الجزیرہ نے خبر دی ہے کہ صہیونی غاصبوں نے دمشق پر چار بار بمباری کی۔ شامی فوج کے ایک ذریعے نے خبر رساں ایجنسی سانا کو بتایا کہ آج صبح اسرائیلی دشمن کے فوجی طیاروں نے مقبوضہ جولان سے دمشق شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے ملک کے فضائی دفاعی سسٹم نے جارح فوج کے میزائلوں اور ڈرونز کا مقابلہ کیا اور ان میں سے بیشتر کو مار گرایا۔ اس جارحیت کے نتیجے میں تین شہری شہید، اور نو زخمی ہوگئے جبکہ نجی املاک کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے۔
سنا نیوز ایجنسی نے یہ بھی خبر دی ہے کہ شامی ٹی وی کی خاتون اینکر "صفا احمد"، دمشق کے نواحی علاقوں پر صہیونی حملوں کے نتیجے میں شہید ہو گئی ہیں۔