تمام حدیں پار، غاصب اسرائیل نے مسجد پر حملہ کردیا 110 سے زائد فلسطینی شہید و زخمی
جارح صیہونی فوجیوں نے غزہ میں اپنی تازہ ترین جارحیت میں چوبیس فلسطینیوں کو شہید اور چورانوے دیگر کو زخمی کردیا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوج نے آج صبح مرکزی غزہ میں واقع دیرالبلح میں شہدائے الاقصی اسپتال کے قریب واقع ایک مسجد پر کہ جس میں فلسطینی پناہ لئے ہوئے تھے، حملہ کردیا جس کے نتیجے میں چوبیس فلسطینی شہید اور چورانوے ديگر زخمی ہوگئے-
وسطی غزہ کے ہی علاقے الزوایدہ پر بھی جارح صیہونی فوج نے ایک اسکول پر حملہ کرکے کہ جس میں فلسطینی پناہ گزیں تھے، متعدد کو زخمی کردیا-
صیہونی فوج نے ہمیشہ کی طرح معمول کے مطابق اپنے جرائم پر پردہ ڈالتے ہوئے جھوٹے اور بے بنیاد بہانے پیش کرکے دعوی کیا ہے کہ ہم نے غزہ کی پٹی کے وسط میں دیر البلح کے علاقے میں ابن رشد اسکول اور شہدائے اقصی اسپتال کے قریب مسجد پر حملہ کرکے حماس کے مسلح افراد کو نشانہ بنایا ہے۔
شہدائے الاقصی اسپتال کے ترجمان خلیل دقران نے کہا کہ ہمارے اسپتال میں ایسے بچوں کی لاشیں لائی گئيں کہ جن کے سر نہیں تھے۔
فلسطین کی تحریک المجاہدین نے ایک بیان میں دیر البلح میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں آج صبح فلسطینیوں کے قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے عوام کی نسل کشی اور صیہونی جرائم جاری رہنے کے خلاف عالمی برادری کی خاموشی کی ہم مذمت کرتے ہیں-
فلسطین کی تحریک المجاہدین نے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع شہر دیر البلح میں صیہونی حکومت کے تازہ ترین قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکی حکومت تل ابیب کی غیر مشروط حمایت کی وجہ سے اس جرم کی پوری طرح ذمہ دار ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تازہ قتل عام کا ارتکاب صیہونی حکومت نے مغربی اور امریکی ہتھیاروں سے کیا ہے اور یہ انسانیت کے ماتھے پر ایک اور بدنما داغ ہے۔
اس فلسطینی تحریک نے تاکید کی کہ فلسطینی اور لبنانی عوام کے خلاف اس جرم اور دیگر تمام جرائم کی تمام تر ذمہ داری امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ امریکہ ہمارے عوام کے قتل عام میں ایک بڑا شراکت دار ہے اور وہ نیتن یاہو کی کابینہ کی حمایت کے ساتھ ہی اس کی فوجی مدد بھی کر رہا ہے-
فلسطین کی تحریک المجاہدین کے بیان میں دیر البلح مسجد پر حملے کے دوران حماس کے مجاہدین کو نشانہ بنائےجانے کے صیہونی حکومت کے بےبنیاد دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس جارحیت کے بارے میں دشمن کے دعوے مضحکہ خیز اور جھوٹے ہیں اور دشمن قتل و غارت گری اور دہشت گردانہ اقدامات کے ذریعے لوگوں کے عزم و اراداے کے متزلزل کرنے اور ان کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کے درپے ہے۔
آخر میں تحریک مجاہدین نے تاکید کی کہ ہم امت اسلامیہ کے مجاہدین، آزادی پسندوں اور مزاحمت کاروں سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ دشمن کے اہداف اور مفادات کے خلاف اپنے حملے جاری رکھیں اس لئے کہ دشمن کی سرکشی اور دہشت گردی صرف دباؤ، طاقت اور جنگ کے ذریعے ہی روکی جا سکتی ہے۔