گزشتہ ایک سال کے دوران بدترین انسانی مظالم، غزہ ملبے کے ڈھیرمیں تبدیل
صیہونی فوج نے پچھلے ایک سال کے دوران بدترین انسانی مظالم کا ارتکاب کرتے ہوئے پورے غزہ کو ملبے میں تبدیل کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ جنگ کو ایک سال گذر چکے ہيں تاہم صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے بدستور جاری ہیں۔ صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں غزہ کی عمارتیں ، اسپتال اور اسکول تباہ ہوچکے ہيں اور زندہ بچ جانے والوں کے لئے بھی امید کی کوئی کرن نظر نہيں آتی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایسے عالم میں جب آج طوفان الاقصی آپریشن کو ایک سال پورے ہوچکے ہيں غاصب صیہونی فوج غزہ کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور بنیادی تنصیبات ، رہائشی مکانات، اسپتالوں اور تعلیمی مراکز پر بمباری کر رہی ہے۔
غزہ میں انسانی بحران اس حد تک پہنچ چکا ہے کہ اس محصور علاقے کی تاریخ میں اس سے پہلے اس کی مثال نہیں ملتی ۔
ایسے عالم میں جب عالمی برادری اس حوالے سےپوری طرح خاموش ہے فلسطینی عوام کسی ایسے سمجھوتے کے انتظار میں ہيں جو زندہ بچ جانے والوں کے رنج و الم میں کچھ کمی لا سکے۔
غزہ پر صیہونی فوج کی وحشیانہ جارحیتوں میں اب تک بیالیس ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بیشتر تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔