Oct ۰۸, ۲۰۲۴ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • ابوعبیدہ: دشمن کے خلاف تھکا دینے والی دردناک جنگ جاری رکھیں گے

القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ جب تک دشمن کی جارحیت جاری ہے، ہم اس کے خلاف تھکا دینے والی دردناک جنگ جاری رکھیں گے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کے مطابق حماس کی فوجی شاخ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے آپریشن طوفان الاقصی کی سالگرہ پر کہا ہے کہ  مسجد الاقصی کے خلاف مسلسل جارحیت، غیرقانونی صیہونی کالونیوں کی توسیع، اور فلسطینی قیدیوں کے حقوق کی پامالی میں شدت آجانے کے بعد ہم نے اس حکومت کے پیکر پر کاری ضرب لگائی۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ لبنان، عراق اور یمن سے ڈرون طیارے مقبوضہ فلسطین کی فضاؤں میں آتے ہیں اور صیہونی دشمن کے اہم مراکز کو نشانہ بناتے ہیں جس کے نتیجے میں دشمن کی دفاعی اور سیکورٹی کی توانائیاں کمزور ہوگئی ہیں۔
حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کو پہنچنے والے سنگین اقتصادی اور فوجی نقصانات کے نتیجے میں اس حکومت کا توازن بگڑگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ  جب تک دشمن کی جارحیت اور جنگ جاری رہے گی ہم بھی اس کے خلاف دردناک اور  تھکا دینے والی مزاحمت اور جنگ جاری  رکھیں گے۔ ابوعبیدہ نے کہا کہ دہشت گردی فلسطین کی تحریک آزادی اور استقامت کو ہرگز نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی سے  یہ ممکن ہوتا تو جنین میں شہید عزالدین قسام کی شہادت کے بعد غاصب صیہونیوں کے خلاف استقامتی تحریک رک گئی ہوتی۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے آپریشن وعدہ صادق کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن طوفان الاقصی کے ایک سال کے اندر اسلامی جمہوریہ ایران نے آپریشن وعدہ صادق1 اور آپریشن وعدہ صادق 2 انجام دیئے۔
ابوعبیدہ نے مزید کہا کہ فلسطین کی تحریک استقامت نے صیہونی دشمن کی دفاعی اور انٹیلیجنس توانائیاں کمزور کردی ہیں اور اس حکومت کو سنگین اقتصادی نقصانات پہنچے ہیں جبکہ مقبوضہ فلسطین سے فرار اور مہاجرت کی لہر مسلط کردی ہے۔

ٹیگس